عوامی ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس .







گلگت(ایس یو ثاقب) داریل میں انجینئرز کو اغوا کرنے والے دیامر سمیت پورے گلگت بلتستان کے دشمن ہں۔ حکومت تمام حقائق سامنے لائے اور علاقہ دشمن عناصر کو بے نقاب کرے۔ گلگت بلتستان میں لوڈ شیڈنگ کا عذاب مزید نہیں سہہ سکتے۔ گندم کوٹے میں کمی اور ناقص آٹا فراہم کرنا ظلم ہے۔ حکومت سو دنوں کے اہداف حاصل کرنے میں مکمل طور پر نا کام ہو چکی ہے۔ اب مزید خاموش نہیں رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ممبران ایکشن کمیٹی نے اظہار خیالات کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس مولانا سلطان رئیس کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ داریل انجینئرز کے اغوا کا کیس ایک بہت گہری سازش ہے جس سے دیامر سمیت جی بی کا علاقہ بد نام ہو رہا ہے۔ اگر حکومت مخلص ہے تو فوری طور پر انجینئرز کو بازیاب کرائے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کو اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکامی پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ  بھی کیا گیا جبکہ صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کی نا اہلی کی وجہ سے گندم کوٹے میں کمی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ بہت جلد آل پارٹیز کانفرنس بلا کر باقاعدہ تحریک کا آغاز کرینگے اور مزید زیادتیاں برداشت نہیں کرینگے۔

Comments