عبدالقوی رویت ہلال کمیٹی سے معطل، چاند نہیں دیکھ سکیں گے

پاکستان میں مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے سوشل میڈیا کی مقبول شخصیت قندیل بلوچ کے ساتھ تصاویر شائع ہونے کے بعد مفتی عبدالقوی خان کی رویت ہلال کمیٹی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
اس کے علاوہ مفتی عبدالقوی کی مدرسہ تعلیمی بورڈ کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
’مفتی کو عید کا چاند نظر آگیا‘
پاکستان تحریک انصاف کے مذہبی ونگ کے سربراہ اس معطلی کے بعد عید کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے اس واقعہ کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں اس وقت تک مفتی عبدالقوی کی رکنیت معطل رہے گی۔


قندیل بلوچ کا دعویٰ ہے کہ مفتی عبدالقوی خان نے انھیں اصرار کر کے ہوٹل میں ملاقات کے لیے بلایا تھا اور دورانِ ملاقات نکاح کی پیشکش بھی کی تھی
مفتی عبدالقوی کی معطلی کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کی تعداد 25 رہ گئی ہے جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے۔
اس کمیٹی میں شامل افراد کو ماہانہ وظیفہ تو نہیں دیا جاتا البتہ جب رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے تو اس میں شریک ہونے والے افراد کو رہائش اور کھانا دینے کے علاوہ سفری سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے حکام نے منگل کے روز قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی رپورٹ وزیر مذہبی امور کو پیش کی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے مفتی عبدالقوی کی رکنینت معطل کی گئی ہے۔
سینیٹر حافظ حمداللہ کی سربراہی میں قائمہ کمیٹی کے اس اجلاس میں مفتی عبدالقوی خان کی قندیل بلوچ کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر کے چرچے رہے۔
قائمہ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عبدالقوی خان کو عید سے پہلے ہی عید کا چاند نظر آگیا ہے۔

Comments