گلگت۔ وزیر اعلی کی یقین دہانی پر کلرکل سٹاف نے ہڑتال ختم کر دیا

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پریشر میں آکر فیصلے نہیں کیے جائینگے بلکہ میرٹ پر فیصلے کیے جائینگے۔ کسی سے زیادتی نہیں ہوگی۔ ہم نے کفایت شعاری کا آغاز اپنی ذات اور اپنے دفتر سے کیا ہے غیر ضروری اخراجات اور پروٹوکول کا خاتمہ کیا اس سال کے مالی بجٹ میں وزیراعلیٰ اور گورنر کے دفاتر کے بجٹ میں کمی کی ہے ۔ یونینز اپنی حقوق کی بات کرتے ہوئے اپنے فرائض کو بھی مد نظر رکھیں ہم سب نے مل کر علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کلرک ایسو سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کلرک ایسو سیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے دیگر صوبوں اور وفاق سے کلرک سٹاف کی اپ گریڈیشن کے کاغذات لانے کی ہدایت کی تھی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اپ گریڈیشن کی نوٹیفکیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے سفارشات مرتب کرنے کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون اورنگزیب ایڈوکیٹ کی قیادت میں چار رکنی کمیٹی 14 اگست تک اپنی سفارشات کو حتمی تشکیل دے کر منظوری کے لیے پیش کریگی۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کیا جائیگا۔ کلرکل سٹاف کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کا علان کیا۔ 

Comments